چنئی،14؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) چنئی سمیت تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے-جس کی وجہ سے پانی جمع ہونے کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے- کئی مقامات پر سڑکیں پانی سے بھر گئی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کا نکلنا مشکل ہو رہا ہے-
تمل ناڈو میں موسلادھار بارش کی وجہ سے لوگوں کی زندگی درہم برہم ہوگئی ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے ریاست کے7اضلاع کے اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔چنئی سمیت رانی پیٹ، ویلور، چنگل پٹو، ویلوپورم، تروولور اور کانجی پورم میں موسلادھار بارش کے پیش نظر اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں -
انتظامیہ تیزی سے امدادی کاموں میں مصروف ہے- شدید بارش کے خطرے کے پیش نظر حکومت نے تمام کلکٹرس کو میدان میں اترنے کو کہا ہے- میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیے گئے ہیں - چنئی میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے چٹلاپکم جھیل تباہ ہو گئی ہے- چٹلاپکم جھیل کا پانی بھی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے- انتظامیہ مسلسل امدادی کاموں میں مصروف ہے- انتظامیہ کے لوگ مقامی سطح پر مکینوں سے رابطہ کر رہے ہیں -